اسلام آباد: کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے لاہور سے اسلام آباد مارچ کا اعلان ، احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی ، اسلام آبادمیں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ مری روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا گیا۔کالعدم ٹی ایل پی نے لاہور میں تین دن کے دھرنے کے بعد اپنے سر براہ سعد رضوی کی رہائی کے لیے ڈیڈ لائن ختم ہونے پر جمعے کی نماز کے بعد لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دی ہے۔
راولپنڈی میں مریڑھ چوک سے لے کر فیض آباد انٹرچینج اور مری روڈ کو اندرون شہر شاہراوں سے ملانے والی لنک روڈز کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیاگیا ہے تاہم ایکسپریس وے فیض آباد سے اسلام آباد زیرو پوائنٹ کے لیے کھلی رکھی گئی ہے۔
شاہرواں پر رکاوٹوں کے باعث اسکول، کالج اور دفاتر جانے والے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے اہم چوراہوں و میٹرو اسٹیشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں و پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل کے طور پرپارک روڈ ، ترامڑی چوک اور لہترار روڈ کو اسلام آباد ہائی وے تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سری نگر ہائی وے ، نائنتھ ایونیو اور آئی جےپی روڈ کو راولپنڈی پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق میٹرو بس سروس آئی جے پی روڈ سے پاک سیکریٹریٹ تک آپریشنل رہے گی۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ہائی کورٹ چوک، کچہری اور مال روڈ پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ تاہم شہری پریشانی سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
Comments are closed.