لاہور:ایم اے کالج چوک پر پولیس اور کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے کارکنان کے درمیان تصادم کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور مظاہرین کی گاڑی تلے آکر دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
لاہور میں کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے احتجاجی مظاہرے کے دوران حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب ایم اے کالج کے مقام پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا۔تصادم کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران مظاہرین کی گاڑی تلے 2 پولیس اہلکار آکر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دونوں اہلکارتھانی گوالمنڈی میں تعینات تھے۔
پولیس کے مطابق مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
دوسری جانب ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کے لیے دھرنے کے شرکاء اب اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں ،کئی مقامات پر مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب حکومت پنجاب نے کالعدم جماعت ٹی ایل پی سے مذاکرات کے لیے صوبائی وزیر قانون راجا بشارت اور وزیر پراسیکویشن چوہدری ظہیر الدین پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
کالعدم جماعت نے منگل کے روز عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کو اپنے قائد حافظ سعد رضوی کی رہائی کے لیے احتجاجی دھرنے میں تبدیل کردیا تھا۔ امیر سعد رضوی کو 12 اپریل کو حراست میں لیا گیا تھا۔
Comments are closed.