کراچی: جنوبی افریقا کے کھلاڑی سے متعلق نسل پرستی پر مبنی جملے بولنے کے بعد آئی سی سی کی پابندی کے شکار قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا سے وطن واپس پہنچ گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق قومی کرکٹر شعیب اختر نے ان پر تنقید نہیں کی بلکہ وہ ذاتی حملے کررہے ہیں۔
نسلی تعصب پر مبنی جملے کسنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سرفراز احمد پر4 میچز کی پابندی عائد کررکھی ہے جس کی وجہ سے انہیں پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریزادھوری چھوڑ کر وطن واپس لوٹنا پڑا۔
پی سی بی نے پابندی عائد ہونے کے بعد سرفراز احمد کو پاکستان واپس آنے کی ہدایت کی تھی، سرفراز احمد کراچی کے ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں موجود پرستاروں نے کپتان کے حق میں نعرے بازی سے ان کا استقبال کیا۔
پرستاروں نے سرفراز احمد کے حق میں پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے اور وہ مسلسل کپتان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے، ایئرپورٹ پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے مختصر گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ ان سے جو غلطی ہوئی اس پرمعافی مانگ چکے ہیں جب کہ آئی سی سی نے جو مناسب سمجھا وہ کیا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ان کا دفاع کرنا اور واپس بلانا پی سی بی کا اچھا فیصلہ تھا، شعیب اختر کی تنقید سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ شعیب اخبر تنقید نہیں بلکہ ان پر ذاتی حملے کر رہے ہیں۔
Comments are closed.