ڈھاکا:چٹاگانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بنگلا دیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف 330 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 145 رنز بنالیے۔
گزشتہ روز بنگلادیشن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے۔ دوسرے دن کا آغاز کچھ زیادہ بہتر ثابت نہیں ہوا، لیتن داس اور مشفق الرحمان کی 206 رنز کی پارٹنرشپ ٹوٹتے ہی بقیہ کھلاڑی محض 77 رنز کا اضافہ کرپائے۔ یوں 330 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ لیتن داس نے 114 اور مشفق الرحمان نے 91 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ساجد خان ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے اننگ کا شاندار آغاز کیا اور دونوں نے دوسرے روز کے اختتام تک بغیر وکٹ گنوائے پاکستان کا اسکور 145 رنز تک پہنچا دیا۔ عابد علی نے 93 رنز سمیٹے اور ڈیبیو کرنے والے عبداللہ شفیق نے 52 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور آوٹ نہیں ہوئے۔ پاکستان کو بنگلہ دیش کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 185 رنز درکار ہیں اور اس کی 10 وکٹیں باقی ہیں ۔
Comments are closed.