132 پاکستانی اسکالرزکا بیرون ممالک سے واپس نہ آنےکا انکشاف

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ناقص حکمت عملی سامنے آگئی ہے، اعلیٰ تعلیم کے لئے بھیجوائے گئے 3 ہزار 384 میں سے 132 اسکالرز نے واپس وطن آنے کے بجائے بیرون ممالک سکونت اختیار کرلی۔

معاہدے کے باوجود ان اسکالرز کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ناں ہی اعلیٰ تعلیم پر آنے والے اخراجات وصول کیے جا سکے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے دو ہزار تین سے دو ہزار سترہ تک مختلف مراحل میں 3384 اسکالرز کو بیرون ممالک بھجوایا گیا۔ایم ایس لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی ٹریننگ کے فیز ون میں 744 سکالرزکو بیرون ممالک بھجوایا، دوسرے مرحلے میں 1848 اسکالرز بھجواءےگئے،جب کہ 792 سکالرز کو یو ایس ٹی پروگرام کے تحت بیرون ممالک بھجوائے گئے۔

ان اسکالرز کی تعلیم پر 95 کروڑ52 لاکھ 48 ہزار448 روپے اخراجات آئے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 132 اسکالرز پی ایچ ڈی کرنے کے بعد واپس نہیں آئے اور وہاں پر ہی سکونت اختیار کرلی ہے۔ قواعد کے مطابق معاہدہ توڑنے کی صورت میں ایچ ای سی 25 فیصد جرمانہ کرنے کا پابند ہے لیکن 132 سکالرز میں سے صرف ایک نے تعلیم پر آنے والے اخراجات اورجرمانے کی رقم ادا کی ہے۔

Comments are closed.