برطانیہ میں کشمیر کانفرنس منسوخ کرنے کی بھارتی درخواست مسترد

لندن: برطانیہ نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے حوالے سے برطانوی پارلیمان میں ہونے والی اہم تقریب کو منسوخ کرنے کی بھارتی درخواست مسترد کردی ہے۔ برطانیہ کا کہنا ہے کہ کانفرنس کا انعقاد ارکانِ پارلیمنٹ کا اپنا فیصلہ ہے۔

پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ میں منعقد کی جائے گی جس میں اراکین کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی سے آگاہ کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا تھا کہ بھارت کشمیر کانفرنس منسوخ کرانے سے متعلق حکومتِ برطانیہ سے بات کررہا ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی تھی کہ دوست ملک اور اسٹریٹجک پارٹنرکے طور پر برطانیہ مجوزہ کانفرنس پر ان کے تحفظات کا خیال رکھے گا۔

نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمشنر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں اراکین پارلیمنٹ حکومت کے زیر اثر نہیں، کسی سے ملنے اور اس کے مقصد کا فیصلہ انفرادی اراکین آزادانہ طور پر کرتے ہیں۔

آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ آن پاکستان کی جانب سے کشمیر کانفرنس برطانوی دارالعوام میں منعقد کی جا رہی ہے اس گروپ میں برطانوی کنزرویٹو اور لیبر جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔ کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک نمائش بھی منعقد کی جائے گی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، معصوم کشمیریوں بھارتی فوج کے مظالم کو شرکاء کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

Comments are closed.