چند برس بعد ملک میں گیس ختم ہوجائے گی،عوام اپنی عادت بدلیں، فوادچوہدری

   اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں گیس کے ذخائیر میں سالانہ 9 فیصد کمی ہورہی ہے، یوں چند برس بعد ملک میں گیس ختم ہوجائے گی، سستی گیس کے عادی افراد اپنی عادتیں بدلیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گیس بحران پر کہا کہ شہروں میں رہنے والے 28 فیصد لوگوں کا بوجھ 78 فیصد لوگ اٹھا رہے ہیں جو گیس سے محروم ہیں، تمام شہروں میں فراہم کی گئی گیس سبسڈی پر دی جارہی ہے اور اس کا بوجھ 78 فیصد ان لوگوں پر آرہا ہے جو کوئلہ، لکڑی اور ایل پی جی استعمال کرتے ہیں لیکن یہ سلسلہ زیادہ عرصے نہیں چلے گا۔

فواد چوہدری نے عوام کو خبردار کیا کہ ملک میں ہر سال گیس کے ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے، پچھلے برس بھی 9 فیصد گیس کم ہوئی اور رواں سال بھی گیس کے ذخیروں میں 9 فیصد کمی آئی ہے، چند برس بعد ملک میں گیس نہیں رہے گی۔

انہوں نےمزید کہا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے وہ لوگ جو سستی گیس کے عادی ہوچکے ہیں انہیں اپنی عادتیں بدلنی ہوں گی جبکہ حکومت کو گیس کا پورا نظام بدلنا ہوگا کیوں کہ توانائی کے ذخیروں پر ان 78 فیصد لوگوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے 28 فیصد افراد کا ہے۔

Comments are closed.