سری نگر: بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے موقع پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ غیرمتزلزل جذبہ آزادی رکھنے والے کشمیری غاصب سرکار کے وزیراعظم کی وادی آمد پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی تحریک کی کال پر بھارتی وزیراعظم کا استقبال مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال سے کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ٹرین کی آمد و رفت معطل اور ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے غیراعلانیہ کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ شہریوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے، گھر سے کسی ضرورت کے تحت باہر نکلنے والے کشمیری نوجوانوں کو بنا کسی جرم کے گرفتار کیا جا رہا ہے۔
کشمیری عوام کے ممکنہ احتجاج سے خوفزدہ ہو کر پولیس اور فوج کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہیں جس کے باعث وادی فوجی چھاونی کا منظر پیش کر رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
حریت قیادت کی نظربندی اور گرفتاریوں کے باوجود کشمیری عوام کی جانب سے مقبوضہ وادی میں شٹرڈاؤن اور مکمل ہڑتال نے ثابت کیا ہے کہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔
Comments are closed.