منی بجٹ زہر کا پیالہ ہے،تمام باضمیراراکین پارلیمنٹ دوررہیں، شہبازشریف

 لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ عوام کی کمر میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے تاہم اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ 3 سال میں پی ٹی آئی نے ملک کا وہ کباڑا نہیں کیا جو منی بجٹ سے ہوجائے گا، منی بجٹ پاکستان اور عوام کی کمر میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، باضمیر حکومتی ارکان اور اتحادیوں سے پھر کہتا ہوں کہ منی بجٹ زہر کا پیالہ ہے، دوررہیں۔

انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے پاکستان کی معیشت بیرونی سہارے کی مرہون منت ہوکر رہ جائے گی، یہ اقدام پاکستان کی معاشی خودمختاری، جوہری وکشمیر جیسے نازک قومی مفادات کے لئے زہرقاتل ثابت ہوگا، منی بجٹ سے معیشت اور عوام کا گلا کاٹنے کے بجائے 10 سالہ پائیدار معاشی حکمت عملی درکار ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے دس سال کی معاشی پالیسی تیار کرنا ہوگی اور اس پر تسلسل سے کام کرکے ہی موجودہ معاشی دلدل سے نکلنے کی راہ پیدا ہوسکتی ہے۔پالیسی ریٹ میں کمی کرنا ہوگی جس سے کاروبار بڑھے گا، قرض ادائیگیوں میں دباﺅ میں کمی آئے گی، مہنگائی کم ہوسکے گی۔

Comments are closed.