اسلام آباد: صدر جموں کشمیر پیپلزپارٹی ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے کہا ہے کہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کا ماضی ، حال روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر کی سیاست میں غریب عوام کے حقوق ، انصاف و میرٹ کی بالادستی کے لیے جو کردار ادا کیاوہ کوئی بھی سیاسی جماعت نہ کر سکی۔ روایتی کرپٹ مافیا کے مفادات کا تحفظ سیاسی جماعتیں کرتی رہیں جن کے خلاف سردار خالد ابراہیم خان نے تاریخی جدوجہد کی ۔ آزاد کشمیر کی گزشتہ حکومت نے آزاد کشمیر کے عدالتی نظام کو اس قدر متنازعہ بنا کر عدالتی نظام کی ساکھ مجروح کی جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور اس سب کے ذمےدار اس وقت کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر ہیں ۔
سردار حسن ابراہیم نے کہاکہ ہائیکورٹ کے 5 ججز کی میرٹ و آئین کے متصادم تقرری کے ذریعے غریب سے انصاف کی آخری امید اور عدلیہ پر بھی شب خون مارا گیا۔ واحد آواز سردار خالد ابراہیم خان کی تھی جو اس ناانصافی کے خلاف اسمبلی فلور پر سامنے آئی جبکہ راجہ فاروق حیدر اسی اسمبلی میں وزیراعظم تھے ۔ جس نظام میں اعلٰی عدلیہ کے ججز بھی میرٹ و آئین کے مغائر تعینات کیے جائیں اور وہاں کی اسمبلی اور وزیراعظم اس ناانصافی اور اس نام نہاد اقدام و سازش کا حصہ ہوں وہاں انصاف ناپید ہوجاتاہے ۔
جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی جدوجہد رنگ لائی اور ہائیکورٹ کے 5 ججز فارغ ہوئے یہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی سیاست کا نتیجہ ہے۔ ہم آج بھی واضح طور پر کہتے ہیں کہ اس طرح کی کوئی بھی کوشش دوبارہ کی گئی تو ہم اس کے خلاف بھی اٹھ کھڑے ہوں گئے۔
صدر جموں کشمیر پیپلزپارٹی ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے مزید کہا کہ ایڈہاک بل 2021 گزشتہ حکومت کا ایک ایسا نام نہاد اقدام تھا کہ جس نے اس ریاست کے قابل نوجوان سے اس کا حق چھینا اور میرٹ کا قتل عام کیا ۔ ایڈہاک بل پاس کر کے اپنے من پسند لوگوں کو گریڈ 17 میں راتوں رات بھرتی کیا گیا۔ جو لوگ این ٹی ایس میں فیل تھے انھیں راجہ فاروق حیدر کی حکومت نے گریڈ 17 میں بھرتی کیا ۔
صدرجماعت نے کہاکہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے اس نام نہاد ایکٹ 2021 کے خلاف اسمبلی اجلاس میں اختلافی نوٹ جمع کروا کر کے اپنا واضح موقف سامنے لایا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں ہم نے اس ایڈہاک ایکٹ 2021 کے خلاف واضح طور پر اپنا جو موقف رکھا ۔ یہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی جدوجہد کا ہی نتیجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے اس ایڈہاک ایکٹ 2021 کو منسوخ کیا لیکن ابھی بھی اس میں ابہام باقی ہے۔ سردار حسن ابراہیم خان کاکہناتھا کہ اگر موجود حکومت نے بھی غلط روش اختیا رکی تو ا س کے خلاف بھی اپنا کردار ادا کریں گے ۔
Comments are closed.