سری نگر: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کا کہنا ہے کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف آواز اٹھانے پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت پر مجرمانہ خاموشی توڑیں اور افغانستان کی طرح مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کوششیں کریں۔
سری نگر سے جاری ایک بیان میں یاسین ملک نے کہا پوری پاکستان قوم اپنے کاروبار بند کرکے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے، انہوں نے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر پاکستانی حکومت اور قوم کا شکریہ ادا کیا۔
محمد یاسین ملک کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو یہ بات سمجھ آگئی ہے کہ فوجی طاقت کے استعمال سے کسی قوم کو زیر نہیں کیا جاسکتا، تمام مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے کہا کہ یہاں 16ماہ کی بچی سے لے کر بزرگوں،عورتوں، نوجوانوں کو پیلٹ گن کا شکار بنایا جاتا ہے۔کشمیر میں گھروں کو نذرآتش کر دیا جاتا ہے یا دھماکے سے اڑا دیا جاتا ہے۔ کشمیریوں کے مسائل پر بین الاقوامی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
محمد یاسین ملک نے مطالبہ کیا کہ جس طرح عالمی طاقتیں افغانستان میں قیام امن کے لئےکوشش کر رہی ہیں اسی طرح کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے کوشش کریں۔
Comments are closed.