آفشور کمپنی کیس میں علیم خان گرفتار، وزیراعظم نے وزراء کو بیان بازی سے روک دیا

لاہور: قومی احتساب بیورو نے آف شور کمپنی کیس میں سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوران حراست علیم خان نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وزراء علیم خان کی گرفتاری کے معاملے پر غیرضروری بیان بازی نہ کریں۔

نیب نے وزیربلدیات پنجاب علیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں نیب لاہور میں طلب کیا تھا جہاں سینئر وزیر پیش ہوئے اور نیب کے سوالوں کے جوابات دیے لیکن تسلی بخش جواب نہ دینے کے باعث نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق سینئر صوبائی وزیر اپنے اسٹاف کے ہمراہ نیب لاہور کے دفتر پیش ہوئے تھے۔علیم خان کے نیب آفس سے باہر نہ آنے پر ان کا اسٹاف اکیلے ہی واپس روانہ ہوگیا۔

بعد ازاں نیب لاہور کی جانب سے علیم خان کی گرفتاری کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ نیب نے سینئر صوبائی وزیر علیم خان کو حراست میں لے لیا ہے، علیم خان کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جب کہ علیم خان کو ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ نیب بہتر قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات سرانجام دے رہا ہے جس میں “پسند نا پسند” کا تصور نہیں، چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی جب کہ تمام میگا کرپشن مقدمات کی انتہائی شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں جنہیں جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ان کے سٹاف نے علیم خان کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ جس کے بعد انہوں نے وزرا کو اس معاملے پر بیان بازی سے روک دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ علیم خان کے کیس میں قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر بلدیات علیم خان نے دوران حراست ہی اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوادیا ہے جب کہ ان کا کہنا تھا کہ مقدمے میں گرفتاری کے باعث مستعفیٰ ہورہا ہوں اور کیس میں گرفتاری کا سامنا عدالت میں کروں گا۔

علیم خان کے خلاف آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد آثاثہ جات بنانے کے الزام پر تحقیقات جاری ہیں۔ نیب لاہور میں علیم خان تین بار پیش ہو چکے ہیں اور آخری پیشی پر انہیں ایک سوالنامہ دیا گیا تھا۔

Comments are closed.