نیو یارک پراپرٹی کیس:آصف زرداری کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور

اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی تو آصف زرداری عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی لیکن احتساب عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نیو یارک پراپرٹی کیس میں آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان ہاؤس تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت کے خلاف اِن ہاؤس تبدیلی کی حمایت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے دوبارہ پی ڈی ایم کا حصہ بننے کا امکان مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ بہتر ہوگا، میں تو چاہتا تھا کہ یہ حکومت پہلے دن چلی جائے، یہ نا معقول لوگ ہیں ان سے حکومت نہیں چلائی جائے گی، اور اب تاریخ نے بھی یہ بات ثابت کر دی ہے، جو عوام کے حالات ہیں ان میں حکومت سے کچھ نہیں ہو سکتا۔

پیپلز پارٹی کے دوبارہ پی ڈی ایم کا حصہ بننے کے سوال پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ میں ایسا نہیں سمجھتا ہوں، مولانا فضل الرحمن پہلے بھی مارچ کرتے رہے ہیں۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اِن ہاؤس تبدیلی کے لیے گرین سگنل دیا تھا جس کے بعد پارٹی صدر شہباز شریف نے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے۔

Comments are closed.