پارٹی قیادت پر تنقید، پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کوشوکاز نوٹس جاری

 اسلام آباد: پارٹی قیادت پر تنقید مہنگی پڑ گئی ۔ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کوشوکاز نوٹس جاری کرکے سات روز میں جواب طلب کرلیاگیاہے۔ نور عالم خان کو ہدایت کی گئی ہے کہ دستاویزی ثبوت کے ساتھ اپنا وضاحتی جواب 24 جنوری تک جمع کروائیں۔

شوکاز نوٹس صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی جانب سے جاری کیا گیاہے۔رکن ا سمبلی نور عالم خان کو ہدایت کی گئی ہے کہ دستاویزی ثبوت کے ساتھ اپنا وضاحتی جواب 24 جنوری تک جمع کروائیں اور الزامات پر پوزیشن واضح کریں۔سات یوم میں جواب جمع نہ کروانے کی صورت میں آپ کے خلاف پارٹی آئین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی نور عالم نے قومی اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاتھاکہ ہم بیک بینچرز بھی ووٹ لے کر آتے ہیں،کیا ہم صرف یہاں ووٹ دینے آتے ہیں؟ آپ ہماری طرف دیکھتے ہی نہیں ہیں، آپ کو آگے والی تین قطاریں ہی نظر آتی ہیں۔ ہمارے حلقوں میں بجلی آتی ہے نہ گیس، کیا پاکستان میں صرف نوشہرہ، صوابی، سوات اور میانوالی ہی ہیں؟ نور عالم خان کا مزید کہنا تھا برائے مہربانی گاڑیوں اور جہازوں سے اتریں، عوام کی حالت دیکھیں، اگلی تین قطار والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالیں،پاکستان بچ جائےگا۔

 قومی اسمبلی اجلاس کے بعد پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی نور عالم خان نے وزیراعظم سے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری سے متعلق سوال پوچھا تھا کہ کیا ہم سلامتی اداروں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی آئی ایم ایف کو دیں گے؟ کیا منی بجٹ سے ہمیں گیس پانی بجلی ملے گی؟

Comments are closed.