پی ایس ایل 7 : محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ، ملتان سلطانز کا فاتحانہ آغاز

کراچی: پاکستان سپر لیگ ساتویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں ملطان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے حق میں رہا جس کے بعد سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پہلے بولنگ کا اعلان کیا۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کیے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 125 رنز کا ہدف دیا۔ ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو محمد رضوان اور شان مسعود کریز پر آئے، 38 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے تو صہیب مقصود اور کپتان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو 100 تک پہنچایا۔ بعد ازاں صہیب مقصود 101 کے مجموعی اور 30 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، نئے آنے والے کھلاڑی روسو صرف دو رنز بنا سکے۔ اس دوران کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے پچاس رنز مکمل کئے۔ ٹم ڈیوڈ اور رضوان نے 22 رنز کی شراکت داری کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

کراچی کنگز سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ دسویں اوور میں 66 کے مجموعی اسکور پرپہلی وکٹ گری، شرجیل خان عمران سینئر کی گیند پر شعیب مقصود کے ہاتھوں 43 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں 71 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 23 رنز بنا کر خوش دل شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، محمد نبی 16ویں اوور میں 103 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے،

ٹام بھی اسی اوور میں 2 رنز اضافے کے بعد پویلین لوٹے، جس کے بعد کلارک آئے جو 110 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ لیوس گریگری نے 14 رنز اسکور کر کے مجموعی اسکور 124 تک پہنچایا۔ کراچی کنگز مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کرسکی۔  شرجیل خان 43 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ بابر اعظم 23، جو کلارک 26  اور گریگری 14 رنز بنا سکے، ملتان کی طرف سے عمران طاہر نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔ کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا مقابلہ ہوگا ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا

Comments are closed.