بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچانا اور نظام میں بہتری لانا چاہتے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کی خاطر نظام میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف حکومت کا مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سول سروس اصلاحات کے لئے ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ 60 اور70 کی دہائی میں پاکستان کی سول سروس خطے کی بہترین سروس تھی، ماضی میں خطے کے ممالک ہم سے سیکھتے رہے، سیاسی مداخلت سے پاکستان میں سول سروس کا زوال شروع ہوا، سول سرونٹس کوبے جا تنگ کرنے سے کام رک جاتا ہے، تحریک انصاف حکومت کا مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم عوامی فلاح و بہبود کی خاطرنظام میں بہتری لانا چاہتے ہیں، اس کے لیے نیک نیتی سے اصلاحات کا ایجنڈا لائے ہیں، لوکل گورنمنٹ کا ایسا ماڈل لا رہے ہیں جس میں مقامی نمائندے عوامی فلاح و بہود میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارامشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے اور ہر تقرری صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے کیونکہ احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری کے رہنما اصول ہیں، موجودہ دور مہارت کا دور ہے ، ہرشعبے میں ماہرافراد ہی کام کرسکتے ہیں، دُنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں ایک قدر مشترک ہے اور وہ ماہر افراد کی میرٹ پر بھرتی ہے، اداروں کے بورڈز میں اچھی شہرت اور اہل افراد کو شامل کیا جارہا ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں، ہمیں وسائل کے ضیاع کوروکنا ہوگا، ٹاسک فورس ملکی مفادمیں جرات مندانہ سفارشات دے۔

Comments are closed.