غلط معلومات کا پھیلاؤمعاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے،آرمی چیف

 راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنا ہو گا، بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے جو معاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں کور ہیڈکوارٹرز میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے لاہور کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلباء سے بھی ملاقات کی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آر می چیف نے مستقبل کی قیادت اور کار آمد شہریوں کی تیاری میں تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا۔ سپہ سالار نے کہاکہ تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، اور ماحولیات کے شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کی اشد ضرورت ہے،بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے جو معاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنا ہو گا، پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت اور کاروباری سوچ کے حامل ہیں، انہیں مواقعے اور سازگار ماحول ملے تو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔طویل سیشن کے دوران اساتذہ اور طلباء نے کئی سوالات بھی کیے اور آرمی چیف کیساتھ بات چیت کو انتہائی مثبت قرار دیا۔

Comments are closed.