اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے، پاکستان،ایران

 اسلام آباد:پاکستان اورایران نے اتفاق کیا ہے کہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ ایرانی وزیرداخلہ نے کہاکہ دہشت گردی میں ملوث گروپ اور عناصرانسانیت کے دشمن ہیں، پاکستان پر دہشت گرد حملے کو ایران پر حملہ سمجھتے ہیں۔

ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹراحمد واحدی نے پاکستان کاایک روزہ سرکاری دورہ کیا اور وزیر اعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد کاروائیوں کی سخت مذمت کی جبکہ دونوں ممالک نے اتفاق کیاکہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔

ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، سیکیورٹی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون ضروری ہے ، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے حمایت پر ایرانی حکومت اور سپریم لیڈر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ افغانستان کے استحکام اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات ناگزیر ہیں، وزیراعظم نے ایرانی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔وزیر داخلہ احمد واحدی نے وزیر اعظم کو ایرانی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایران کی خواہش کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقات میں آرمی چیف نے کہاکہ خطے میں امن و استحکام کے لئے دونوں برادر ممالک کے درمیان وسیع تر تعاون اہم ہے،پاک ایران سرحد پر شرپسندوں کو کاروائیوں سے روکنے کے لئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے، ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ علاقاتی سیکیورٹی اور افغانستان میں استحکام مشترکہ علاقائی ذمہ داری ہے ، امن و استحکام کے لئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

ایرانی وزیر داخلے نے وفد کے ہمراہ وزیر داخلہ شیخ رشید سے بھی ملاقات کی ۔مذاکرات میں پاک ایران بارڈر پر فینسنگ کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے، غیر قانونی امیگریشن ،منشیات اسمگلنگ، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے اتفاق کیاکہ اپنی سر زمین ایک دوسرے کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔باہمی تعلقات کو ہمہ جہت بنانے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دئیے جائیں گےجبکہ پاک ایران بارڈرز پر مارکیٹس کے قیام کیساتھ بارڈر ٹرمینلزکی تعداد بڑھائی جائے گی ۔ایرانی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ اضافہ افسوسناک ہے، دہشت گردی میں ملوث گروپ اور عناصرانسانیت کے دشمن ہیں ، پاکستان پر دہشت گرد حملے کو ایران پر حملے کے برابر سمجھتے ہیں۔

Comments are closed.