سعودی ولی عہد کا دورہ: 20 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری پاکستان آئےگی

اسلام آباد: ڈولتی ہوئی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری۔۔۔ سعودی ولی عہد کے دوروزہ دورے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان  آئےگی۔ ایل این جی کے دو بجلی گھر بھی سعودی عرب کو دینے پر بات چیت شیڈول میں شامل ہے۔ معزز مہمان کی سیکورٹی کیلئے 123 شاہی گارڈز پاکستان پہنچ گئے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران سعودی عرب کی جانب سے 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔ ادھار تیل اور توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری سمیت کئی معاہدے متوقع ہیں۔ اسلام آباد کے 8 ہوٹلز اور وزیراعظم ہاؤس کی سیکورٹی پاک فوج اور سعودی شاہی گارڈز کے سپرد کر دی گئی ہے، وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی جم بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

سعودی سفارتخانہ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان 16سے17 فروری تک ہوگا، وہ وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے۔ سعودی ولی عہد کےساتھ شاہی خاندان کے افراد بھی پاکستان آئیں گے، 300 سے زائد لگژری گاڑیاں معزز مہمانوں کے زیراستعمال ہوں گی ، شاہی خاندان اور سعودی شخصیات کیلئے دارالحکومت کے 8 ہوٹلز بک کرا لئے گئے ہیں ، جن کے سیکورٹی انتظامات ابھی سے مکمل ہیں ۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا تیل 3 سال تک ادھار فراہم کرنے کے معاملات طے پا چکے ہیں ، ولی عہد کے دورہ کے دوران معاہدے پر دستخط ہوں گے ، ایل این جی  کے 2  بجلی گھر سعودی عرب کو دینے پر بھی بات چیت ہوگی ، جن میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے ، سعودی عرب گوادر آئل ریفائنری میں 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔

Comments are closed.