روس، یوکرین کشیدگی باعث تشویش، صورتحال سفارتکاری کی ناکامی ہے، منیر اکرم

پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ چارٹر، عوامی حق خودارادیت، ریاستی، علاقائی خودمختاری کے بنیادی اصولوں اور بات چیت کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے، جب کہ مساویانہ اور برابری کی سطح پر ہر ملک کے تحفظ کی توثیق کے اصول پر یقین رکھتا ہے۔

ایمبیسڈر منیر اکرم نے روس یوکرین بحران کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کو حالیہ واقعات پرسخت تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی روس، یوکرین کشیدگی کے بات چیت کے ذریعے حل کے حامی ہیں، پاکستان امید ظاہر کرتا ہے کہ سفارت کاری کے ذریعے فوجی کارروائی کو روکا جائے گا۔

پاکستان کے مستقبل مندوب  نے کشیدگی میں کمی، نئے سرے سے مذاکرات، پائیدار بات چیت اور مسلسل سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان حالیہ واقعات پر گہری تشویش میں مبتلا ہے اور یہ سفارت کاری کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔

منیر اکرم نے زور دیا کہ متعلقہ کثیر الجہتی معاہدوں، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات کے مطابق سفارتی حل وقت کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونے والی بات چیت دشمنی کے خاتمے اور حالات کو معمول پر لانے میں مددگار ہو گی۔

Comments are closed.