تحریک عدم اعتماد، آصف علی زرداری،مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات

 اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری ، جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے،ملاقات میں سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی تاہم اپوزیشن رہنما کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے ۔

رہائش گاہ آمد پرمولانا فضل الرحمان نے خود آصف علی زرداری کا استقبال کیا جس کے بعد تحریک عدم اعتماد کی کوششوں کو حتمی شکل دینے کے لیے بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری کا نواز شریف سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جبکہ شہباز شریف بھی ملاقات کے دوران بذریعہ ٹیلی فون شریک رہےتاہم اپوزیشن رہنما کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے ۔ اس بات پر بھی اتفاق نہ ہوسکاکہ تحریک عدم اعتماد پہلے اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف لائی جائے گی یا وزیراعظم کے خلاف ۔ذرائع کے مطابق سابق صدرنے مولانا کو پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں ساتھ دینے کی بھی دعوت دی۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہاگیاہے کہ عدم اعتماد کا ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے جس پر ملاقات میں مشاورت ہوئی۔ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مسلسل مشاورت جاری ہے جبکہ عدم اعتماد سے متعلق قانونی ماہرین کی رائے بھی آچکی ہے۔عدم اعتماد کی حتمی تاریخ کا تعین آج ہونا تھا لیکن شہباز شریف کی علالت کے باعث اس کا فیصلہ آئندہ ایک سے دو روز میں ہوگا۔ ملاقات کے بعد مولانا نے آصف علی زرداری کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا جس کے بعد آصف علی زرداری واپس روانہ ہوگئے ۔

Comments are closed.