پشاور خود کش دھماکا،شہدا کی تعداد 62 ہوگئی

 پشاور:کوچہ رسالدار دھماکے کے مزید 5 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد شہدا کی تعداد 62 ہوگئی، 25 شہدا کی نماز جنازہ بھی ادا کرلی گئی۔

نیوز ڈپلومیسی کے مطابق ایل آر ایچ کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں لائے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، دھماکے کے مزید پانچ زخمی توڑ گئے ہیں اور شہدا کی تعداد 62 تک پہنچ گئی ہے، تاحال 37 زخمی زیر علاج ہیں۔

خودکش دھماکے کا مراسلہ سی ٹی ڈی کو ارسال کردیا گیا، مراسلہ ایس ایچ او خان رازق وارث خان کی مدعیت میں ارسال کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا، اور ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب جانب سانحہ کوچہ رسالدار کے 25 شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، 14 شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ کوہاٹی چوک میں ادا کی گئی اور اجتماعی نماز جنازہ علامہ محسن ہمدانی نے پڑھائی۔ 5 افراد کی نماز جنازہ بیرون کوہاٹی گیٹ میں ادا کی گئی، جب کہ کینٹ کے رہائشی دو جانبحق افراد کی نماز جنازہ حسینیہ ہال پشاور میں ادا کی گئی۔ اجتماعی جنازے کی ادائیگی کیلئے شہر بھر سے اہل تشیع نے شرکت کی۔

Comments are closed.