ریڈ زون میں اجازت نہ ملنے پرحکومت پریڈ گراونڈ میں جلسہ کرے گی

 اسلام آباد: تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کوڈی چوک پر27مارچ کے جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دی تھی جب کہ اپوزیشن نے بھی اسی جگہ جلسے کی درخواست دے رکھی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ نے دونوں کو جلسے کی اجازت دینے سے انکارکردیا۔

ضلعی انتظامیہ نے حکومت کو پریڈگراؤنڈاوراپوزیشن کو ایچ نائن میں جلسے کا آپشن دے دیا۔ ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 کانفاذہے اوردونوں فریقین کی طرف سے ایک ہی جگہ جلسہ کرنے سے تصادم کا خدشہ ہے جس سے حالات بگڑ سکتے ہیں،ریڈ زون میں زیادہ لوگوں کے آنے سے سکیورٹی مسائل ہوں گے۔

دوسری جانب تحریک عدم اعتماد سے پہلے پاکستان تحریک انصاف نے27 مارچ کے جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید اور معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے آفس میں میں تحریری طور پر جلسہ گاہ کی تبدیلی کے لیے درخواست دے دی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہم نے جتنےجلسے کئے قوانین کو مانا ہے، ڈی چوک جلسہ کرنے کی بجائے پریڈ ایونیو میں جلسہ کرنے جارہے ہیں، امر بالمعروف جلسے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔  جتنے لوگ آنے ہیں ڈی چوک میں جگہ کم پڑجانی تھی، اپوزیشن کو عدم اعتماد میں بھرپور ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا

معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ ستائیس تاریخ کو پریڈ گراؤنڈ بھی تھوڑا پڑے گا، یہ حق اور باطل کی جنگ بنی ہوئی ہے، اگر مستقبل کی سمت کا تعین ہونا ہے تو ستائیس تاریخ کو ہونا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ستائیس کو عوام اٹھائیس کو اسمبلی میں اعتماد ملے گا

Comments are closed.