اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے کہاہےکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی بھی طرح کی مداخلت ناقابل برداشت ہے ۔ کمیٹی نے غیرملکی سفارت کار کی جانب سے استعمال کی گئی زبان پرتشویش کا اظہارکیا ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس میں تینوں مسلح افواج کےسربراہان، وزیر دفاع، وزیرداخلہ، وزیر اطلاعات، مشیرقومی سلامتی، انٹیلی جنس ایجنسیزکے سربراہان اوردیگراعلیٰ حکام کی شرکت کی۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کے حوالے سے بریفنگ دی۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کو غیرملکی آفیشل کی پاکستانی سفیرسے ہونے والی باضابطہ بات چیت پربریفنگ دی گئی ۔ کمیٹی نے غیرملکی سفارت کار کی جانب سے استعمال زبان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی بھی طرح کی مداخلت کوناقابل برداشت قراردے دیا ،پاکستان کی جانب سے اس معاملے پر سفارتی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔کمیٹی نے گزشتہ روزکابینہ اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیاتھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے جس میں خفیہ مراسلہ پیش کیا جائے ۔
Comments are closed.