امریکا میں عوامی مقامات پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، ریاست کیلیفورنیا کے شہر سکرامینتو میں فائرنگ سے کم از کم 6 افراد ہلاک جب کہ 10 زخمی ہو گئے۔
سکرامینتو پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کیپٹل پارک کے قریب صبح 2 بجے پیش آیا، جہاں پر ریسٹورنٹس اور بارز میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، حال ہی میں سکرامینتو پولیس کی سربراہ بننے والی کیتھی لیسٹر نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ جب پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو متعدد افراد گولیوں کا نشانہ بن چکے تھے اور واقعی المناک صورتحال تھی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کی تلاش میں مصروف ہیں۔
سکرامینتو شہر کے میئر ڈیریل سٹیئن برگ نے واقعہ پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ آج صبح پیش آنے والے واقعے کے صدمے اور دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مسلح تشدد (فائرنگ کے واقعات) ہمارے شہر، ریاست اور قوم کے لئے لعنت ہیں جس کی روک تھام کے لئے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے فائرنگ اور مسلح تشدد کے واقعات کی روک تھام کو پہلی ترجیح بنانے کیلئے نئی پولیس چیف کیتھی لیسٹر کی تعریف کرتے ہوئے ہر ممکنھ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
Comments are closed.