اسلام آباد: نگران وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وزیراعظم عمران خان اوراپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ کرنگران وزیراعظم کے لیے نام مانگ لیے۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر تین روزمیں نگران وزیراعظم کا نام فائنل نہ کرسکے تومعاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا، وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈراسپیکرکی قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کو دو دو نام بھجوائیں گے۔
خط کے متن کے مطابق اسپیکر اپوزیشن اور حکومتی اراکین پر مشتمل 8 رکن کمیٹی تشکیل دیں گے جو نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرے گی اور نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔ آرٹیکل 224 اے 1 کے تحت صدر مملکت وزیراعظم اور لیڈر آف اپوزیشن کی باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم نامزد کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزقومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی جانب سے جمع کروائی گئی وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔ تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد صدرمملکت نے وزیراعظم کی تجویز پرقومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔
Comments are closed.