اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے آئین کے آرٹیکل 224 ، ون اے، کے تحت نگران وزیراعظم کے لیے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام تجویز کردیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اپوزیشن رہنما شکست خوردہ نظر آرہے ہیں، یہ لوگ اب ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، حکومت گرانے والے اب حکومت بحال کروانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورکمیٹی اجلاس ہوا جس میں مشاورت سے سابق چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کیا گیا۔وزیر اعظم کی جانب سے صدر مملکت کے خط کا جواب ایوان صدر کو موصول ہوگیاہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ ہم اللہ کے حضور شکر گزار ہیں کہ عالمی سازش ناکام ہوئی ۔اپوزیشن رہنما شکست خوردہ نظر آرہے ہیں، یہ لوگ اب ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومت گرانے والے اب حکومت بحال کروانا چاہتے ہیں کیونکہ یہ عوام کی عدالت میں جانے سے ڈر رہے ہیں، یہ ناجائز دولت کے ذریعے اقتدار میں آکر اپنے کیسز اور نیب ختم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں حکومت سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے ۔
Comments are closed.