اسلامی تعاون تنظیم تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں تیز کرے، صدر آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)  سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے جدہ میں او آئی سی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے تفصیلی ملاقات کی میں تنازعہ کشمیر کوعالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے اصول کے تحت حل کرانے کے لیے مسلم تنظیم کے فعال کردار کا مطالبہ کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی علاقے میں بڑے پیمانے پر تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت9 لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اپنا ہندوتوا ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے بھارت کی نوآبادیاتی پالیسیوں کے بارے میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے جس طرح اسرائیل فلسطین میں غیر فلسطینیوں کو آباد کر کے کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے کے تحت42لاکھ بھارتی ہندوﺅں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں۔بیرسٹر سلطان نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ او آئی سی تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے جو خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔

Comments are closed.