جامعہ کراچی میں خود کش دھماکہ،وزیراعظم کامجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، دونوں ملکوں کے آہنی تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے،واقعے کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے مجرموں کو نشان عبرت بنائیں گے۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی میں خود کش دھماکے کی  سخت مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔ وزیر اعظم نے مجرموں کو سخت ترین سزا دینے کا عزم کرتے ہوئے پاکستان میں چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیاہے ۔

وزیر اعظم نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کرکے دھماکے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ دہشت گردی کی عفریت کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں سندھ حکومت کیساتھ ہیں،دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، اتحاد اور اجتماعی کوششوں سے ان کا قلع قمع کریں گے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کا بھی دورہ اور چین کی ناظم الامور سے کیساتھ ملاقات کی ،وزیر اعظم نے چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور صدر شی جن پنگ کے لئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم واقعہ پر صدمے کی حالت میں ہے اورحکومت چین ، چینی عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا ااظہار کرتی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، دونوں ملکوں کے آہنی تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے،واقعے کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے مجرموں کو نشان عبرت بنائیں گے،وزیر اعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو بدھ کے روز کراچی پہنچنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

Comments are closed.