سندھ کے سرکاری ڈاکٹرز کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری

کراچی: سندھ کابینہ نے سرکاری ڈاکٹروں کی تنخواہیں پنجاب کے ڈاکٹرز کے برابر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

صوبائی کابینہ نے سرکاری ڈاکٹرکے لیے تنخواہ کا پیکج پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری دے دی ہے، کابینہ کے فیصلے کے مطابق اب قانون سازی ہوگی جس کے تحت تنخواہ کا اضافہ صحت، تعلیم اور دیگر اداروں میں کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا جب کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید ڈاکٹروں کو مقرر کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نئے ڈاکٹروں کی بھرتی مخصوص اسپتالوں میں ہوگی اور وہاں سے تبادلہ نہیں ہوسکے گا، نئی تنخواہ کا اطلاق فروری سے ہوگا جب کہ 15 ہزار فی ماہ تمام ہاؤس افسران کو اضافی دیا جائے گا اور محکمہ صحت تمام ڈاکٹروں کے سیلری اسٹرکچر پر نظر ثانی کرے گا۔

صوبائی کابینہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ان تمام الاؤنسز اور تنخواہوں کے جائزے کے بعد 5.6 ارب روپے سالانہ خزانے پر بوجھ ہوگا، کابینہ کے بیشتر اراکین نے ڈاکٹروں کی تنخواہ بڑھانے کو اچھی کارکردگی سے منسوب کرنے کی تجویز دی ہے۔

Comments are closed.