بھارتی فوج کی ایل او سی کے قریب سول آبادیوں پر گولہ باری

راولا کوٹ: دراندازی پر پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب ملنے کے بعد بھی بھارتی فوج کا جنگی جنون کم نہیں ہوا اور بھارتی فوج بھاری توپ خانے سے لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بنارہی ہے جس کی وجہ سے متعدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔

بھارتی فوج نے راولاکوٹ میں بٹل سیکٹر کے علاقوں میں سول آبادی پرشدید گولہ باری کرتے ہوئے متعدد مکانات کو تباہ کیا جب کہ رہائشی زخمی ہوئے۔ صبح 3 بجے بٹل، منڈہول، چھتروٹہ، سلوئی، جھاوڑہ، بائیں، ککوٹہ کی سول آبادی پرمارٹر گولے داغے گئے جس کے بعد سیکٹرکے علاقوں میں آمدورفت کا سلسلہ منقطع ہوکررہ گیا جب کہ گولہ باری سے مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

بھارتی جنگی جنون کے جواب میں پاک فوج بھی منہ توڑ کارروائیاں کررہی ہے تاہم صرف فوجی چوکیوں کو ہی نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے ۔

دوسری جانب راولا کوٹ میں ایلیمنٹری بورڈ پونچھ کے پانچویں اور آٹھویں کے آج ہونے والے پرچہ جات ملتوی اورسرحدی علاقوں میں نجی وسرکاری تعلیمی ادارے 4 روزکے لئے بند کردیئے گئے ہیں۔

Comments are closed.