پاکستان نیپال یابھوٹان نہیں کہ فوج بھیج کرقبضہ کرلیا جائے،مسعود خان، لارڈ نذیر

رپورٹ: ممتاز حسین

اسلام آباد: صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت آگ سے نہ کھیلے مذاکرات کی طرف آئے۔ لارڈ نذیر احمد نے بھارتی دھمکیوں پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان نیپال یا بھوٹان نہیں کہ فوج بھیج کرقبضہ کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی بھارت کے کشمیر میں جنگی جرائم اوردہشت گردی پر کھل کر بات کرے۔

صدرآزاد کشمیر مسعود خان اورلارڈ نذیر احمد نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز نوجوانوں کو شہید، خواتین کی آبرو ریزی کی جاتی ہے۔ قابض بھارتی فوج ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں ستر برسوں کے دوران 6 لاکھ افراد قتل کیے جا چکے ہیں۔ جولائی 2016 سے اب تک پیلیٹ گن کے استعمال سے خواتین اوربچوں سمیت سینکڑوں کشمیریوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اور آرمی چیف کے جارحانہ بیانات کی مذمت کرتے ہیں اوربھارت کوخبردارکر رہے ہیں کہ وہ آگ سے نہ کھیلے اورمذاکرات کی طرف آئے۔

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں تین اہم سفارشات کی تھیں، جن میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کی فراہمی، مقبوضہ وادی میں نافذ ‘‘پبلک سیفٹی ایکٹ اور آرمڈ فورسز ایکٹ’’ کے خاتمے اور انسانی حقوق کونسل کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ مبصرگروپ کو بھارت کے عدم تعاون کو نمایاں کرتے ہوئے رپورٹ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پیش کرے۔ سلامتی کونسل کو انسانیت کےخلاف جرائم کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نےذرائع ابلاغ سے مطالبہ کیا مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو جنگجو نہ لکھیں۔ بھارتی فوج کوسیکیورٹی فورسزنہیں بلکہ قابض فورس کہنا چاہئے۔

 لارڈ نذیراحمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں یمن کی بات کی لیکن کشمیرکا ذکرنہیں کیا، پاکستان کو کشمیر پر کھل کر بات کرنی چاہیے، بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کا ناقابل تردید ثبوت کلبھوشن ہے اس کے بارے میں دنیا کو بتانا چاہیے۔۔۔۔ امریکہ کی ناراضگی کا ڈر نہیں ہونا چاہئے۔

لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ آبرو ریزی اور نسل کشی سنگین جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اگرخواتین کی آبروریزی ہوگی تو ہاوس آف لارڈز کا رکن ہونے کے باوجود وہ بھی بندوق اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نےغیرسفارتی زبان استعمال کرکے جنگ کےآغاز کی صورتحال پیدا کی۔ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو معاملے پرہنگامی اجلاس بلائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیپال یا بھوٹان نہیں کہ فوج بھیج کرقبضہ کر لیا جائے، پاکستانی ایک جوہری طاقت ہے۔

 لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ بھارتی سیاسی قیادت انتخابات سے قبل ایسی صورتحال پیدا کرتی ہے، مودی سرکار رافیل طیارے اسکینڈل کو پس پشت ڈالنے کیلئے پاکستان سے تناؤ کی صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ بھارت کے جنگی جرائم پر بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔

Comments are closed.