راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا ہے کہ مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ، کسی بھی جارحیت پر مادر وطن کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا،اللہ تعالیٰ کی مدد اور قوم کی جانب سے مکمل حمایت پر شکرگزار ہیں۔ آرمی چیف نے موجودہ کشیدہ صورتحال میں مسلح افواج کی تیاریوں اور مورال کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ کور کمانڈرز نے کسی بھی جارحیت پر مادر وطن کا بھرپور دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتحال اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کا جائزہ، نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد میں پیش رفت پر غور کیا گیا
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا مسلح افواج مادروطن کو درپیش خطرے سے نمٹنےکیلئے ہروقت تیار رہیں، کوئی بھی طاقت کے استعمال یا دھمکی سے پاکستان کو جھکا نہیں سکتا، کسی بھی معاملے پر طاقت کے استعمال کا صرف ریاست کو اختیار ہے، پاکستان امن، استحکام اورترقی کے مثبت راستے پر گامزن ہے، حکومتی فیصلوں کی روشنی میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد میں تیزی کیلئے دیگر ریاستی اداروں سےتعاون کیا جائے ۔
کورکمانڈر کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر جاری ہے ، بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سول آبادی کو دانستہ نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی مظالم اور ایل او سی کی خلاف ورزیاں جلتی پر تیل کا کام کر رہی ہیں ۔
کورکمانڈرز کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کیلئے کشمیر میں بھارتی مظالم اور ایل او سی کی خلاف ورزیاں روکنے کی ضرورت ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کی توجہ کے منتظر ہیں۔
Comments are closed.