توہین عدالت کیس : عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری،اسلام آباد ہائیکورٹ طلب
عمران خان حاضر ہوں، توہین عدالت کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری ، 31 اگست کو ذاتی حیثیت میں اسلام آباد ہائیکورٹ طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے اکتیس اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کر دیاگیا۔ عدالت نے کہاکہ سابق وزیراعظم سے ایسے بیان کی توقع نہیں، خاتون جج سے متعلق عمران خان کا بیان بہت زیادہ نامناسب ہے ۔
جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، عدالت نے تین سے زائد ججز پر مشتمل لارجر بینچ بھی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کر دیاگیا۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیےکہ سابق وزیراعظم سے ایسے بیان کی توقع نہیں، خاتون جج سے متعلق عمران خان کا بیان بہت زیادہ نامناسب ہے جبکہ عمران خان عدلیہ، پولیس اور سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
سماعت سے قبل توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے متفرق درخواست دائر کی ، درخواست میں موقف ا ختیارکیا گیاکہ عدالت عمران خان کے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر دئیے گئے بیانات کی ویڈیوز ریکارڈ پر لانے اور ان کے عدلیہ سے متعلق بیانات کمرہ عدالت میں چلانے کی اجازت دے ، یہ بیانات عدالت کے لیے فیصلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ دلائل کے بعد عدالت نے عمران خان کو انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 31 اگست کو طلب کرلیا۔واضح رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجسٹریٹ زیبا چوہدری کوشہباز گل کا ریمانڈ منظور کرنے پر دھمکی دی تھی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس لیا تھا۔
Comments are closed.