بابراعظم کی سنچری، انگلینڈ کو دس وکٹوں سے شکست

قومی ٹیم کی سلامی جوڑی نے ایک مرتبہ پھر ریکارڈ شراکت داری قائم کی، بابراعظم نے 66 گیندوں پر 110 جب کہ محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی

کراچی : دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو دس وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 200 رنز کا ہدف اننگز کے آخری اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

قومی ٹیم کی سلامی جوڑی نے ایک مرتبہ پھر ریکارڈ شراکت داری قائم کی، بابراعظم نے 66 گیندوں پر 110 جب کہ محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس جیت کے ساتھ سات میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کے بیٹر ایلکس ہیلز اس مرتبہ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اپنی ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا۔اس مجموعے پر شاہنواز دہانی نے پہلے ہیلز اور پھر اگلی ہی گیند پر ڈاؤڈ ملان کو بھی بولڈ کردیا۔محمد نواز نے 101 کے مجموعے پر 43 رنز بنانے والے بین ڈکِٹ کو بھی چلتا کیا، لیکن اس کے بعد کپتان معین علی اور ہیری بروکس کے درمیان صرف 27 گیندوں پر 59 رنز کی پارٹنر شپ نے انگلینڈ کی اننگز کی رفتار کو ہی تبدیل کردیا۔

دونوں 17ویں اوور میں اسکور کو 160 رنز پر لے گئے جہاں 31 رنز بنانے والے ہیری بروکس حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

دوسری جانب وکٹ پر موجود کپتان معین علی کا بلہ رنز اگلتا رہا، انہوں نے 23 گیندوں پر چار چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلی

بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.