پاکستان بھارتی گیدڑ بھبکیوں سے نہیں ڈرے گا، رضا ربانی

اسلام آباد: چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کی شدید مذمت کی۔ سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے آنے والے حالیہ بیانات قابل مذمت ہیں۔ پاکستان کی افواج اور عوام ایسی گیدڑ بھبکیوں میں نہیں آئیں گے۔

رضا ربانی نے کہا کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو گی، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، سب جانتے ہیں کہ کس طاقت طاقت کو خوش کرنے کیلئے یہ کیا جا رہا ہے، کچھ طاقتیں بھارت کو خطے کا پولیس مین بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ لیکن ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ بھارتی بیان کے بعد ایٹمی جنگ کی بات کرنا مناسب نہیں، حکومت کو اس طرح کے بیانات کے بجائے معاملے کا حل نکالنا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور سیاچن کی وجہ سے مذاکرات نہیں کر رہا، ستر سالوں سے بھارت مذاکرات سے گریز کر رہا ہے، مذاکرات سے گریز کرنا غیرجمہوری رویہ ہے۔

وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے، پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے،بھارت کے اندرونی حالات سے متاثر نہیں ہوں گے، بھارت کا رویہ یہی رہا تو جواب دینا جانتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان  بنیادی تنازع کشمیر کا ہے، کشمیر کے بغیر کوئی بات نہیں ہو گی۔ سینیٹ اجلاس منگل کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Comments are closed.