اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں مسجد پر دہشت گرد حملہ نہایت تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔ مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی خبر سے دھچکا لگا ہے۔ یہ حملہ ہمارے اس مؤقف کی تصدیق کرتا ہے جسے ہم مسلسل دہراتے آئے ہیں کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، حملےمیں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور متاثرین کے لیےدعا گو ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیچھے 9/11 کے بعد تیزی سے پھیلنے والا ’اسلاموفوبیا‘ (اسلام سے نفرت) کارفرما ہے جس کے تحت دہشت گردی کی ہرواردات کی ذمہ داری مجموعی طور پر اسلام اور سوا ارب (1.3 بلین)مسلمانوں کے سر تھوپنے کا سلسلہ جاری رہا، مسلمانوں کی جائز سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کے لیے بھی یہ حربہ آزمایا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے علاوہ دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا پوری دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ایک صفحہ پر آنا ہوگا، دہشت گردی ایک ناسور ہے جسے ختم کرنا ہوگا۔
Comments are closed.