ایشیاکپ: بھارت کے نہ آنے پر پاکستان کا ایشین کرکٹ کونسل سے علیحدگی پر غور
بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے فورم کو نظر انداز کردیا،بھارت سے تعلق رکھنے والے اے سی سی کے صدر نے خود فیصلے سنانے شروع کردیئے ہیں، انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بغیر ہی فیصلہ سُنایا۔
لاہور : ایشیا کپ میں شرکت کیلئے بھارت کے پاکستان نہ آنےکے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے اور بھارت کے نہ آنے کے فیصلے پر پی سی بی ورلڈ کپ 2023 بھی نہ کھیلنے پر غور کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں پی سی بی تھنک ٹینک کا اجلاس ہورہا ہے جس میں ایشیا کپ میں شرکت کیلئے بھارت کے پاکستان نہ آنےکا معاملہ زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان کو غیر ضروری اور جلد بازی قرار دیا جائےگا، صدر ایشین کرکٹ کونسل جے شاہ تنہا کوئی فیصلہ کرنےکے مجاز نہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل کا مقصد رکن ممالک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے، اے سی سی اگر مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتا تو پھر اے سی سی میں رہنے کا فائدہ نہیں، پاک بھارت میچ سے اے سی سی کو ریونیو ملتا ہے، اے سی سی یہ ریونیو کرٹ کے فروغ اور ڈویلپمنٹ پر خرچ کرتا ہے، اگر اے سی سی کو یہ ریونیو نہیں چاہیے توپی سی بی کے لیے بہتر ہے اے سی سی سے الگ ہوجائے۔
پی سی بی مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے جس میں ایشین کرکٹ کونسل سے الگ ہونے سمیت آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 بھی نہ کھیلنے پرغور کیا جارہا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہےکہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے کہا کہ اگلے برس ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے فورم کو نظر انداز کردیا،بھارت سے تعلق رکھنے والے اے سی سی کے صدر نے خود فیصلے سنانے شروع کردیے ہیں، انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بغیر ہی فیصلہ سُنایا۔
پاکستان نے ون ڈے فارمیٹ کے ایشیا کپ کی میزبانی اگلے برس ستمبر میں کرنی ہے۔
Comments are closed.