نیوزی لینڈ میں 9پاکستانیوں کی شہادت پر ملک بھرمیں قومی سوگ

اسلام آباد: نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر دہشت گرد حملے میں نو پاکستانیوں کی شہادت پر آج ملک بھر میں قومی سوگ منایا جارہا ہے جبکہ پاکستان کی درخواست پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

ایک روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔ سوگ کے سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر نصب سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا۔ نیوزی لینڈ سانحے میں دس پاکستانی متاثر ہوئے تھے جن میں سے نو شہید ہوگئے جبکہ شدید زخمی پاکستانی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے۔

ادھر پاکستان کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بائیس مارچ کو استبنول میں طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اجلاس کا مقصد مسلم امہ کو واقعے کے بعد اکھٹا کرنا ہے، اجلاس میں اسلام فوبیا کے سدباب کے لیے مسلمان ممالک کے کردار پر اور مسلم دنیا سے یورپی ممالک ہجرت کرنے والے مسلمانوں پر مظالم سے متعلق بات ہوگی۔

Comments are closed.