اسلام آباد: برطانوی ہائی کمیشن کے زیراہتمام چوتھا ‘دی گریٹ ڈیبیٹ 2019 ‘ کا مقابلہ حارث علی ورک نے جیت لیا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام دی گریٹ ڈیبیٹ مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤفورڈ، برٹش ہائی کمیشن اور برٹش کونسل کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پاکستان بھر کی جامعات سے تعلق رکھنے والے 10 بہترین مقررین نے تجارت،خوشحالی، ٹیکنالوجی اور جدت جیسے اہم موضوعات کی حمایت اور مخالفت میں دلائل پیش کئے۔ زوردار مباحثے کے بعد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے حارث علی ورک نے یہ مقابلہ جیت لیا۔ جب کہ فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کے طالب علم لیاقت علی دوسرے نمبر پر آئے۔
برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر نے کہا کہ میرے لیئے انتہائی باعث مسرت ہے کہ ہم اپنی سالانہ دی گریٹ ڈیبیٹ مقابلے کے ذریعے نوجوانوں کو پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم موضوعات پر بحث کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ہر صوبائی دارلخلافہ سے مقررین کی نمائندگی دیکھ کر خوش ہوئے، انہوں نے مقررین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان پاکستان کے کامیاب مستقبل کے حصول میں اپنا درخشاں کردار ادا کریں گے۔
رچرڈ کراؤ فورڈ نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان میں برطانوی کمپنیوں کی سرمایہ کاری دیکھنا چاہتا ہے،برطانیہ پاکستان کیلئے یورپ میں سب سے بڑی مارکیٹ ہے، اس سال ہم پاک برطانیہ مضبوط تجارتی تعلقات کا جشن منا رہے ہیں۔
Comments are closed.