کوئی دوسروں کو بددیانت کہے،یہ نامنظور ہے،چیف الیکشن کمشنر
کوئی شخص آئین سے بالاتر نہیں،کسی کو الیکشن کمیشن کی توہین کی اجازت نہیں:سکندر سلطان راجہ کے این اے 45 کرم میں عمران خان کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس میں ریمارکس، فیصلہ محفوظ
الیکشن کمیشن نے این اے 45 کرم میں عمران خان اور اقبال وزیر کی جانب سے ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ ہم تو دل بڑا کرتے ہیں لیکن دوسری سائیڈ سے بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔یہ جو آپ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ صرف خیبرپختونخواہ میں نوٹسز ہوئے ہیں۔ ایسا نہیں ہے الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے سخت اقدامات کیے ہیں۔ سب کو نوٹسز دیئے گئے ہیں۔کوئی شخص آئین سے بالاتر نہیں۔کوئی دوسروں کو بددیانت کہے،یہ نامنظور ہے۔
دوران سماعت اسپیشل سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ حلقہ میں سرکاری گاڑیاں استعمال ہوئی ہیں۔یہ کیسے کہتے ہیں کہ سرکاری وسائل استعمال نہیں ہوئے،عمران خان پہلے بھی خلاف ورزیاں کرچکے ہیں۔ڈی جی لا الیکشن نے کہا کہ اقبال وزیر پارٹی کا اہم حصہ ہے۔اس کا اثر امیدوار پر پڑتا ہے۔
جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ اگر کسی نے خلاف ورزی کی ہے تو اس کا اثر امیدوار پہ پڑتا ہے۔ اس کو اندازہ نہیں ہوگا اس نے کہا تھا وزارت قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔اسپیشل سیکرٹری نے اقبال وزیر کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کردی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ نوٹسز تو پنجاب میں بھی ہوئے ہیں۔کسی کو الیکشن کمیشن کی توہین کی اجازت نہیں۔ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ باقی صوبوں میں تو ہیلی کاپٹر بھی استعمال نہیں ہواجس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہاکہ ہم نے تو ہیلی کاپٹر استعمال ہی نہیں کیا۔
Comments are closed.