پشاور:تھانہ سربند پر دہشتگرد حملے میں شہید ڈی ایس پی سردار حسین اور دو کانسٹیبلز کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی ، گورنر خیبرپختونخوا ، آئی جی ایف سی ، آئی جی خیبرپختونخوا سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔
پولیس لائنز میں نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس نے بہادری سے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کیا ، شہید ڈی ایس پی نے گاڑی چوکی میں کھڑی کی اور عقبی راستے سے داخل ہورہے تھے کہ دہشت گردوں کا نشانہ بن گئے۔
آئی جی پولیس معظم جاء انصاری نے کہا کہ بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں اسنائپر ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا تھا، پشاور میں پہلی بارہوا۔
معظم جاء انصاری نے کہا کہ تھرمل سائٹس، نائٹ ویژن ڈرون ٹیکنالوجی کےلئے صوبائی حکومت نے خریداری کی منظوری دی ہے، سیف سٹی کےلئے جون سے قبل فیز ون شروع ہوجائے گا، شہر کے تمام تھانوں میں اپنی مدد آپ کے تحت کیمرے لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی پولیس نے تھرمل سائٹس خرید لی ہیں، رات کو حملے روکنے کے لئے نائٹ وژن گنز بھی لی ہیں، خیبرپختونخوا پولیس حملوں سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ سوا تین ارب روپے کی لاگت سے نائٹ وژن گنز ، بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جارہی ہیں۔
Comments are closed.