مقبوضہ کشمیر میں فوجی آپریشن، شبیرشاہ کا جنگی جرائم پر بھارت کے محاسبے کا مطالبہ
سرینگر: غیر قانونی طورپرنظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور باقی دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر بھارت کا محاسبہ کریں۔
شبیراحمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں بھارت کی طرف سے مئی کے آخری ہفتے سرینگر میں گروپ 20کے اجلاس کے انعقاد کو اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ظاہرکرنے کی ایک چال قراردیا ہے۔ انہوں نے جی 20 ممالک پر زور دیا کہ وہ اس اجلاس میں شرکت سے صاف انکار کریں بلکہ بھارت پر دباو ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماوں عبدالاحد پرہ، محمد سلیم زرگر، سیدبشیر اندرابی، محمدیاسین عطائی اور ڈاکٹر مصعب نے سرینگر میں اپنے بیانات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں تلاشی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران کشمیریوں کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کی۔ دریں اثناء وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں جی 20 ممالک سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ سرینگر میں اس عالمی فورم کے اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔
دوسری جانب غاصب بھارتی فوجیوں کی جانب سے پونچھ، راجوری اور ریاسی اضلاع میں آج چھٹے روز محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے جس کے دوران خواتین سمیت 50 کے قریب شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ جمعرات کو شروع کیے گئے آپریشن کو تیز کرنے کے لیے اضافی نفری طلب کی گئی ہے۔ بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ چالیس سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
فوجیوں نے سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، بارہمولہ اور بڈگام اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں کیں اور گھروں پر چھاپے مارے۔ بھارتی فوج اور پولیس کے اہلکار درجنوں گاڑیوں میںسرینگر کے پادشاہی باغ اور ملحقہ علاقوں میں واردہوئے اور گھر گھر تلاشی لی۔ فوجیوں نے مکینوں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے۔
ادھر بھارت کی بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی ایک عدالت نے ایک جھوٹے مقدمے میں تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ جموں میں این آئی اے کے خصوصی جج نے سنایاہے۔ ان نوجوانوں کی شناخت ماجد علی شیخ، شاہنواز اور ماجد امین کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں بھارتی فوج نے 28 دسمبر 2004 کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ دہلی سے جموں جا رہے تھے۔
Comments are closed.