اقوام متحدہ امن مشن کی ڈائمنڈ جوبلی۔۔۔ نیویارک ہیڈکوارٹرز میں تصویری نمائش

نیویارک: دنیا کے مختلف جنگ و تنازعات کے شکار ممالک میں پچھتہر برسوں سے قیام امن کیلئے کوشاں اقوام متحدہ امن مشن میں حصہ لینے والے خواتین و مرد اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نیویارک میں تصویری نمائش منعقد کی گئی۔

اقوام متحدہ کے نیویارک ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی جانے والی تصویری نمائش کا مقصد امن مشن میں حصہ لینے والے لاکھوں افراد کی خدمات، قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال کے باوجود مختلف علاقوں میں تنازعات کے خاتمے، عوامی تحفظ، انسانی حقوق کے فروغ اور سیاسی و جمہوری عمل کی حمایت کے لئے مصروف ہیں۔

اقوام متحدہ امن مشن مختلف ممالک کے ریاستی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ خواتین اور نوجوانوں کی قیام امن کی کوششوں میں شمولیت میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ آج امن مشن کے 87 ہزار کے قریب مرد و خواتین اہلکار انتہائی خطرناک حالات، گھمبیر تنازعات اور کشیدہ صورتحال میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔ 1948 سے اب تک 71 امن مشنز کے لئے تقریباٍ 20 لاکھ سول و فوجی اہلکاروں نے عالمی امن، ترقی و استحکام کے لئے خدمات انجام دیں،اور 4 ہزار 100 اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

اقوام متحدہ امن مشن مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے، جن میں یونائیٹڈ نیشنز پولیس کے 9 ہزار اہلکار، 14 ہزار سویلین اہلکار اپنے اپنے شعبوں میں ، 70 ہزار فوجی اہلکاروں سمیت لاکھوں خواتین اور مرد اقوام متحدہ کے نیلے جھنڈے کے نیچے کام کر رہے ہیں۔

Comments are closed.