کراچی : پیپلز پارٹی نے کراچی اور حیدر آباد کے میئر کے لیے اپنے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے، میئر کراچی کے لیے مرتضیٰ وہاب کا نام طے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری، فریال تالپور ،بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی ٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مشاورت کے بعد مرتضی ٰ وہاب کو مئیر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کا امیدوار نامزد کیاہے ۔ مشاورت مکمل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کے نام کی منظوری دی۔اسی طرح پیپلز پارٹی کی قیادت نے میئر حیدرآباد کے لیے کاشف شورو کا نام فائنل کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کی حیثیت سے مرتضی ٰ وہاب نے مثالی کا رکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ ، پانی ، صحت اور تفریح کے متعدد منصوبے بروقت مکمل کیے تھے ۔ کراچی کے شہریوں نے بھی پیپلزپارٹی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوے اس توقع کا اظہارکیاہےکہ مرتضی ٰ وہاب اُسی جذبے کیساتھ کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کریں گے۔
مرتضی ٰ وہاب کا شمار پاکستان پیپلزپارٹی کے نظریاتی جیالوں میں ہوتا ہے اور وہ اس وقت سوشل میڈیا پر بھی پیپلز پارٹی کے متحرک ترین رہنماوں میں سے ایک ہیں۔ وہ کراچی کے مسائل کواجاگر کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی تشہیر کے لیے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ کا استعمال بھی انتہائی موثر طریقے سے کر تے ہیں۔
Comments are closed.