تاحیات نا اہلی کا باب بند، قائم مقام صدر مملکت نے بل پر دستخط کر دئیے

  اسلام آباد:قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی نے نااہلی کی مدت پانچ سال کرنے سے متعلق بل پر دستخط کر دئیے ۔ الیکشن ایکٹ کی روشنی میں اب آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی زیادہ سے زیادہ مدت صرف پانچ سال ہوگی۔ نئے قانون سے نواز شریف اور جہانگیر ترین کی نا اہلی ختم ہونے کی راہ بھی ہموار ہو گئی ۔

قائممقام صدر کے دستخط کے بعد بل ایکٹ آف پارلیمنٹ بن گیا جس کے بعد آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت اب نااہلی کی زیادہ سے زیادہ مدت صرف پانچ سال ہوگی۔ترمیم کے تحت کسی بھی عدالتی فیصلے یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص پانچ سال بعد پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا اہل ہوگا، آئین میں جس جرم کی سزا کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا وہاں نااہلی 5 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔بل کی منظوری سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی بھی ختم ہوسکے گی اور دونوں آئندہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے ۔

 دوسری جانب نئے قانون کی روشی میں اب انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار بھی صدرمملکت سے الیکشن کمیشن کو منتقل ہو چکاہے ۔ الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 میں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان اور شیڈول میں ترمیم کا بھی کر سکے گا۔

Comments are closed.