عبدالصمد انقلابی کا فاطمہ جناحؒ کی برسی پر خراج عقیدت

سری نگر : مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 56 ویں برسی پر اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر ملت کی قیام پاکستان، بانی پاکستان اور تعمیر پاکستان کے لیے عظیم خدمات پر انہیں پوری حریت پسند جموں و کشمیر کی قوم کی طرف سے سلام پیش کرتی ہے، محترمہ فاطمہ جناح قائداعظم محمد علی جناح کی بہن ہی نہیں، بلکہ ان کی فکری وراثت کی بھی امین تھیں، ان کی زندگی کا بیش تر حصہ اپنے عظیم بھائی کی رفاقت میں بسر ہوا۔

اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے ترجمان کے مطابق پارٹی سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم مادرِ ملت کی ہمیشہ مقروض رہے گی، وہ تحریکِ پاکستان میں قدم قدم پر قائداعظم کے ہمراہ رہیں، قائداعظم کی رحلت کے بعد مادرِ ملت قائد کے نظریئے اور ویژن کا علم تھام کر کھڑی رہیں، مادرِ ملت فاطمہ جناح کی خواتین، اقلیتوں، عوامی حقوق اور جمہوریت سے متعلق افکار ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ الله تعالیٰ مادر ملت کے درجات بلند فرمائے۔

Comments are closed.