ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس /نواز شریف کی حفاظتی ضمانت میں 26 اکتوبر تک توسیع

 اسلام آباد:ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں بھی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حفاظتی ضمانت میں چھبیس اکتوبر تک توسیع ہوگئی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔۔ عدالت نے کہا کہ نواز شریف نے جیسٹیفائی کرنا ہے کہ وہ اشتہاری کیوں ہوئے ؟

سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے روبرو ہوئی، نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے استدعا کی کہ عدالت ہماری اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پہلے سنی جائے ۔ احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور وارنٹ بھی ختم ہو گئے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ابھی ہم نے اس پر نوٹس جاری کر کے نیب کو سننا ہے،ان اپیلوں کی بحالی روٹین کا معاملہ نہیں۔ نواز شریف نے جیسٹیفائی کرنا ہے کہ کیوں وہ اشتہاری ہوئے ؟ اور عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوتے رہے ؟ وکیل ا عظم نذیر تاررڑ نے جواب دیا کہ نواز شریف جان بوجھ کر غیر حاضر نہیں رہے۔ وہ عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔ ہماری حفاظتی ضمانت کے آرڈر میں کچھ روز کی توسیع کردیں۔ نیب پراسیکیوٹر عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ اگر حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی جائے تو ہمیں اعتراض نہیں ۔۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ میں ان کیسز میں پانچ سال بعد واپس آیا ہوں ،میں سمجھنے کی کوشش کررہا ہوں کیا یہ وہی نیب ہے، نیب تو آج بغیر نوٹس کے پیش ہو گیا ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ دوبارہ پوچھ رہے ہیں کیا نواز شریف کوگرفتار کرنا چاہتے ہیں؟جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف گرفتاری نہیں چاہیے اور ضمانت میں توسیع پر بھی کوئی اعتراض ہے؟ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز کیس میں نواز شریف کی حفاظتی ضمانت پر 26 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔۔

Comments are closed.