سینیئر اداکار اور میزبان طلعت حسین ڈیمینشیا کا شکار ہوگئے

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی اور اُن کی اہلیہ ثنا فیصل نے پاکستان کے لیجنڈری سینیئر اداکار طلعت حسین میں ڈیمینشیا کے مرض کی تصدیق کردی۔

حال ہی میں فیصل قریشی نے اپنی اہلیہ ثنا فیصل کے ہمراہ اداکار طلعت حسین کے گھر جاکر اُن سے ملاقات کی جس کی ویڈیو بھی اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔

ویڈیو میں فیصل قریشی اپنی نئی فلم کے حوالے سے طلعت حسین کو بتارہے ہیں کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے بہت جلد لاہور جائیں گے اور اس فلم میں وہ ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔
طلعت حسین اپنی اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ فیصل قریشی بہت اچھے انسان ہیں اور سب ان کی نئی فلم کے لیے تیار ہوجائیں۔

فیصل قریشی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “طلعت حسین کا پیار اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہی ہیں، اللہ پاک ان کی یہ مسکراہٹ ہمیشہ ایسے ہی قائم رکھے، آمین”۔

اُنہوں نے اداکار طلعت حسین میں ڈیمنشیا کے مرض کی تصدیق کرتے ہوئے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا بھی کی۔

Comments are closed.