نیویارک: پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور میئرنیویارک ایرک ایڈمز نے پاک امریکہ تجارتی، سفارتی دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
میئرایرک ایڈمزنے اپنی رہائش گاہ پر سفارتکاروں کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا، بین الاقوامی سفارت کاری اور تعاون کے فروغ کے لئے اس تقریب کا انعقاد ‘سوسائٹی آف فارن قونصلز اِن نیویارک’ کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب کے دوران پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے میئرنیویارک ایرک ایڈمز اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے ساتھ باہمی دلچسپی، بین الاقوامی سفارتی تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، قونصل جنرل نے پاکستان اور نیویارک شہر کے درمیان دوطرفہ تعاون، تجارتی تعلقات کے فروغ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بھی بات چیت کی ۔
اس موقع پر میئر ایرک ایڈمز نے نیویارک کی ترقی میں غیرملکی شہریوں اور مختلف کمیونٹیز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر سے آنے والے افراد کے ایسے تجربات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو نیویارک شہر اور امریکی قوم کی ترقی و خوشحالی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کے دفتر کا بین الاقوامی تعلقات کا شعبہ ذاتی تعلقات اور قابل رسائی مواصلاتی ذرائع کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ میئر ایرک ایڈمز نے نیویارک کے کثیرالثقافتی منظرنامے میں پاکستانی کمیونٹی کی لگن اور کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کے فروغ کے لئے ایسی سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔
پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنے پر میئرایرک ایڈمز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی سفارتی تقریبات اور سرگرمیاں بین الاقوامی سفارتکاری کے فروغ میں نہایت ضروری ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نیویارک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے یہ بات چیت تعمیری ثابت ہوگی، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں۔
ناشتے کے اہتمام نے بین الاقوامی سفارتکاروں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی شراکت داری اور ترقی کے مشترکہ مواقع پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔
Comments are closed.